سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ نے مملکت کی جانب سے افغانستان کے انسانی ہمدردی کریڈٹ فنڈ میں 30 ملین ڈالر کےعطیے کو افغان عوام کے ساتھ سعودی عرب کی اخوت کی علامت قرار دیا۔
گزشتہ دنوں مملکت نے افغان عوام کی مدد کے لیے طیاروں اور ٹرکوں کے ذریعے امدادی سامان بھیجا تھا۔ گزشتہ عشروں میں مملکت نے افغانستان میں ایک ارب ریال سے زیادہ کی لاگت سے متعدد ترقیاتی منصوبے نافذ کرائے ہیں۔
سعودی کابینہ نے کنگ عبداللہ سٹی برائے ایٹمی اور قابل تجدید توانائی کی تنظیم،سعودی عرب اور عراق کو بجلی کے نیٹ ورک سے مربوط کرنے کےلیے مفاہمتی یادداشت اورجہاز رانی میں یونان کے ساتھ تعاون کے معاہدے کی بھی منظوری دی ہے۔
اجلاس میں کورونا وبا سے نمٹنے اور اس کے منفی اثرات محدود کرنے کے حوالے سے انتہائی ذمہ دارانہ انداز اپنانے اور ریاست کوکامیابی ملنے پر خوشی کاا ظہار کیاگیا۔۔
سعودی کابینہ کا کہنا ہے کہ موثر ریاستی پالیسی کی بدولت زندگی کے تمام شعبوں میں وبا سے نمٹنے والے پروگرام کے خوشگوار اثرات مرتب ہوئے۔
اجلاس میں متعدد ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ سعودی قیادت کی ملاقاتوں میں زیر بحث آنے والے امور کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔
وزیر توانائی کو اردن کے ساتھ مذاکرات اور تعاون کے معاہدے کا اختیار تفویض کیا گیا۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے متعدد فیصلے کیے ہیں۔ وزیر توانائی کو اردن کے ساتھ توانائی کے شعبے میں مذاکرات اور تعاون کے معاہدے کا اختیار تفویض کیا گیا۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر عصام بن سعد نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ نے وزیر خارجہ کو سینیگال کے ساتھ سیاسی مشاورت کے سلسلے میں مذاکرات اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار تفویض کیا ہے۔
وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود کو مصر کے ساتھ پبلک مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ تعاون کے لیے مذاکرات اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط اور مصر کے ساتھ پرامن مقاصد کے لیے خلائی سرگرمیوں میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار دیا ہے۔
کابینہ نے سول ریٹائرمنٹ قانون میں ترمیم اور سول ریٹائرمنٹ قانون اور عسکری ریٹائرمنٹ قانون اور سوشل انشورنس قانون کے مفادات کے تبادلے کے نظام کی کی بھی منظوری دی ہے۔