Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

دسمبر سے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آزمائشی پروازوں کا آغاز

گوادر کا ہوائی اڈہ 50 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے نئے ہوائی اڈے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آزمائشی پروازوں کا آغاز رواں برس دسمبر میں ہو جائے گا۔
گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ایک افسر نے پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کو بتایا کہ ’ہوئی اڈے پر تعمیراتی کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے۔‘
سرکاری افسر کے مطابق ’50 ارب روپے سے زائد (246 ملین ڈالر) کی لاگت سے نیا گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ 4 ہزار 300 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے اور یہ ستمبر 2023 کی ڈیڈلائن سے قبل آپریشنل ہوجائے گا۔‘
’حکومت نے گوادر میں 50 بیڈز کے پاک چین فرینڈشپ ہسپتال کو 150 بیڈز کے سٹیٹ آف دا آرٹ میڈیکل سینٹر میں تبدیل کردیا ہے تاکہ علاقے کے لوگوں کو صحت کی سہولیات میسر آسکیں۔‘
گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے افسر کا کہنا ہے کہ ’ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ گوادر شہر کی بندرگاہ کے رہائشیوں کو آئندہ برس جنوری سے صحت کی مفت سہولیات میسر ہوں۔‘
’گوادر کے پرانے قصبے کی بحالی کے لیے 67 فیصد وسائل وفاقی حکومت فراہم کرے گی جبکہ بلوچستان کی حکومت گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت بقیہ اخراجات برداشت کرے گی۔‘

حکام کے مطابق ’گوادر کو پانی کی فراہمی کا مسئلہ تین ماہ کی قلیل مدت میں حل کرلیا جائے گا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ان کے مطابق ’منصوبے کے تحت پانی کی نکاسی، فراہمی اور تقسیم کے منصوبوں کو جلد مکمل کرلیا جائے گا، اس کے ساتھ ہی وہاں کے رہائشیوں کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔‘
’گوادر کو پانی کی فراہمی کا مسئلہ تین ماہ کی قلیل مدت میں حل کرلیا جائے گا، اس کے علاوہ ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تعمیر کا کام بھی تکمیل کے مرحلے میں ہے تاکہ پورے شہر کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔‘

شیئر: