واشنگٹن...اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان اور ہند کے درمیان کشیدگی کے خاتمے میں کردار ادا کرسکتا ہے ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کی صورت حال سنگین ہے۔اس سے علاقائی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔امریکہ کو متوازن کردار ادا کرنا ہوگا۔ ماضی میں امریکا کی غیر متوازن پالیسی سے پاک، امریکہ تعلقات میں بگاڑ آیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس وقت اس پوزیشن میں ہے کہ پاک ہند میں مسئلہ کشمیر پر کشیدگی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرسکتا تاہم اسے متوازن کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ واشنگٹن نے ماضی میں جنوبی ایشیا میں تعلقات میں توازن برقرار نہیں رکھا جس کی واضح مثال ہندکے ساتھ کیا جانے والا سول نیوکلیئر معاہدہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے مذاکرات کرنا ہوں گے۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کا بھی یہی مطالبہ ہے ۔ دریں اثناء چینی میڈیا کو انٹرویو میں ملیحہ لودھی نے پاک چین اقتصادی راہداری کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا کلیدی نکتہ قرار دیا۔ انہوںنے کہاکہ علاقائی روابط کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ تمام لوگ معاشی تعاون اور تجارتی تعلقات سے مستفید ہوں۔ پاکستان نے چین کے ساتھ اپنے تعلقات کا ہمیشہ خیرمقدم کیا ہے۔چین کے صدر شی جن پنگ بھی کہہ چکے ہیں کہ دونوں ملک ایک دوسرے کے مضبوط بھائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان کے عوام دونوں اس بات پریقین رکھتے ہیں کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ کا ایک پٹی ایک شاہراہ کا تصور پورے خطے کے لئے مفید ثابت ہو گا۔