کئی ہفتوں کی سماعت کے بعد 5 ڈولفن کو جدہ بھیجنے کا عدالتی فیصلہ
’اعتراض کرنے والوں کا کہنا تھا کہ جدہ میں واقع ایکوریم ڈولفن کے لیے مناسب نہیں‘ ( فوٹو: فقیہ ایکوریم)
جنوبی کیریبین میں واقع جزیرہ کیورساؤ کی عدالت نے 5 ڈولفن کو جدہ بھیجنے کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ کیس گزشتہ کئی ہفتوں سے زیر سماعت رہا ہے۔
جدہ میں واقع ایک معروف ایکوریم نےجزیرہ کیورساؤ سے 5 ڈولفن خریدے تھے تاہم وہاں جانوروں کے حقوق کی بعض تنظیموں نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے عدالت میں کیس دائر کردیا تھا۔
اعتراض کرنے والوں کا کہنا تھا کہ جدہ میں واقع ایکوریم ڈولفن کے لیے مناسب نہیں جس کے باعث انہیں موت کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔
دوسری طرف ایکوریم کے مالکان نے اپنے حق میں دلائل پیش کئے جن سے ثابت ہوتا ہے کہ جدہ میں ایکوریم میں ڈولفن کے لیے مناسب ماحول دستیاب ہے جبکہ ایکوریم میں متعدد ڈولفن پہلے سے موجود ہیں۔
کئی ہفتوں پر مشتمل سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ اعتراض کرنے والوں نے بے بنیاد دلائل اور مبالغے پر مشتمل خدشات کا اظہار کیا ہے۔
اس پر عدالت نے کیس خارج کرتے ہوئے 5 ڈولفن کو جدہ روانہ کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
جدہ میں موجود ایکوریم کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’جزیرہ کیورساؤ سے 5 ڈولفن کو خصوصی جہاز کے ذریعہ روانہ کردیا گیا ہے۔
جہاز میں کیورساؤ حکام کی طرف سے ایک اہم عہدیدار، ایک مشہور ڈاکٹر اور ڈولفن کا ٹرینر بھی موجود ہے۔
پرواز ایک دن کے لیے قاہرہ میں رکے گی جہاں ڈولفن کے حوض کا پانی تبدیل ہوگا اور بعد ازاں کل جمعرات کو انہیں جدہ منتقل کردیا جائے گا۔