Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
بدھ ، 11 جون ، 2025 | Wednesday , June   11, 2025
بدھ ، 11 جون ، 2025 | Wednesday , June   11, 2025

واشنگٹن میں کیمپنگ، نو سالہ بچی تیندوے کے حملے میں بال بال بچ گئی

تیندوے کے حملے میں زخمی ہونے والی لِلی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا (فائل فوٹو: وکی پیڈیا)
ایک نو سالہ امریکی لڑکی مغربی امریکہ میں کیمپنگ کے دوران ایک تیندوے کے حملے میں بال بال بچ گئی، اُن کے چچا کا کہنا ہے کہ’وہ زخمی ہونے والی لِلی کے طبی اخراجات برداشت کرنے کے لیے فنڈ جمع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق لِلی کے چچا مینٹسوِچ نے فنڈ ریزنگ پلیٹ فارم ‘گوفنڈمی‘ پر بتایا کہ وہ (لِلی) سنیچر کو اپنی فیملی کے ساتھ ریاست واشنگٹن میں کیمپنگ کر رہی تھی کہ اس دوران تیندوے نے اُس پر حملہ کردیا۔
ان کی پوسٹ میں ان کی بھتیجی کی حملے سے پہلے اور حملے کے بعد کی تصاویر دکھائی گئی ہیں، لِلی کی ہسپتال کے بستر پر بے ہوشی کی تصویر میں اس کے چہرے پر زخموں کے نشانات واضح طور پر نظر آرہے تھے۔
مینٹسوِچ نے بتایا کہ ’تیندوے کے حملے میں لِلی کے چہرے اور جسم کے اوپر والے حصے پر زخموں کے کئی نشانات پائے گئے ہیں اور انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا۔‘
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’حملے کے بعد لِلی کئی گھنٹوں تک انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیرِ علاج رہیں جہاں اُن کا آپریشن بھی کیا گیا۔‘
ماحولیات کے تحفظ کی ریاستی ایجنسی کا کہنا ہے کہ 1924 کے بعد سے ریاست واشنگٹن کے جنگلوں میں تیندووں نے صرف 20 افراد پر حملہ کیا اور ان میں سے دو ہلاک ہوگئے۔
ایجنسی کے ایک اہلکار نے ایک مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اس مخصوص حملے کے حالات کو سمجھنے کی کوشش کریں گے۔‘

اس تیندوے کو امریکہ میں پہاڑی شیر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اور اس کا وزن 35 سے 115 کلوگرام تک ہوسکتا ہے (فائل فوٹو: پِکسابے)

اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ ’تیندوے کی لاش جائے وقوعہ ملی جسے وہاں پر موجود کسی شخص نے مار دیا تھا۔‘ ان کے مطابق ’ممکنہ بیماریوں کا جائزہ لینے کے لیے تیندوے کی لاش کا تجزیہ کیا جائے گا۔‘
واضح رہے کہ اس تیندوے کو  پہاڑی شیر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اور اس کا وزن 35 سے 115 کلوگرام تک ہوسکتا ہے۔‘

شیئر: