Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 08 ستمبر ، 2025 | Monday , September   08, 2025
پیر ، 08 ستمبر ، 2025 | Monday , September   08, 2025

پیرس میں مونا لیزا کی پینٹنگ پر کیک پھینکنے والا شخص گرفتار

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں مونا لیزا کی پینٹنگ پر کیک پھینکنے والے 36 سالہ شخص کو گرفتار کر کے نفسیاتی نگہداشت کے سینٹر بھیج دیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پراسیکیوٹر نے پیر کو بتایا کہ مذکورہ شخص نے زمین کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچانے کے لیے مناسب اقدامات نہ کیے جانے پر احتجاجاً ایسا کیا۔
اپنی منفرد مسکراہٹ کی وجہ سے مشہور مونا لیزا کی یہ پینٹنگ گلاس کے شیشے کی وجہ سے محفوظ رہی اور بلٹ پروف شیشے کے کیس کی وجہ سے اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
پیرس کے لوور میوزیم کے عہدیداروں نے اتوار کو پیش آنے والے اس واقعے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تاہم سوشل میڈیا پر اس حوالے سے تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف لوکی نے ویڈیو پوسٹ کی جس میں میوزیم کے ایک ملازم کو شیشے سے کیک صاف کرتے دیکھا جا سکتا ہے اور سفید لباس میں ملبوس ایک شخص کو سیکورٹی گارڈز پکڑ کر لے جا رہے ہیں۔
اس ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’بزرگ خاتون کا روپ دھارے ایک شخص نے وہیل چیئر سے چھلانگ لگائی اور مونا لیزا کے بلٹ پروف شیشے کو توڑنے کی کوشش کی۔ پھر شیشے پر کیک پھینکنے کے لیے آگے بڑھا اور سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے حراست میں لیے جانے سے پہلے ہر جگہ گلاب کے پھول پھینکے۔‘

مونا لیزا کی پینٹنگ بلٹ پروف شیشے کے کیس کی وجہ سے محفوظ رہی (فوٹو:اے پی)

فرانسیسی زبان میں مذکورہ شخص کہتا ہے کہ ’لوگ زمین کو تباہ کر رہے ہیں۔ تمام فنکار، زمین کے بارے میں سوچیں، اسی لیے میں نے ایسا کیا، سیارے کے بارے میں سوچو۔‘
پراسیکیوٹر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ثقافتی کام کو تباہ کرنے کی کوشش کے معاملے پر انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔‘
یاد رہے کہ دسمبر 1956 میں بولیویا کے ایک شخص نے پینٹنگ پر پتھر پھینکا تھا جس کے بعد مونا لیزا کو شیشے کے کیس میں رکھا گیا۔
2009 میں ایک روسی خاتون نے پینٹنگ پر خالی چائے کا کپ پھینک دیا تھا جس سے کیس کو نقصان پہنچا تھا۔

شیئر: