پاکستان کے لیے سعودی عرب بہت اہمیت رکھتا ہے: عارف علوی
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ (فوٹو: سعودی ایمبیسی)
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق منگل کو ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ مذہب، مشترکہ اقدار اور ثقافت پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب متعدد علاقائی اور عالمی امور پر ہم آہنگی رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں سٹریٹجک اور وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
’دونوں ممالک متعدد علاقائی اور عالمی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔‘
انہوں نے تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے اور دونوں ممالک کے تاجروں اور چیمبرز آف کامرس کو باہمی تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے باقاعدگی سے بات چیت کرنے کی ترغیب دینے پر زور دیا گیا۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی دونوں برادر ممالک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر صدر مملکت نے خادم حرمین شریفین کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا اور کہا کہ پاکستانی عوام ان کی اچھی صحت اور درازی عمر کے لیے دعاگو ہیں۔