سعودی قیادت کی طرف سے کیوبا کے صدر کو تعزیتی مکتوب
’سعودی قیادت نے کیوبا میں گیس دھماکے سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے کیوبا میں گیس دھماکے کے باعث ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی قیادت نے کیوبا کے صدر میگل دیاز کانل کے نام مکتوب روانہ کیا ہے۔
شاہ سلمان نے کیوبا کے صدر کے نام روانہ کئے گئے مکتوب میں کہا ہے کہ ’ہمیں دار الحکومت کے ایک ہوٹل میں گیس دھماکے کی اطلاع ملی ہے جس میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں‘۔
’بے گناہ شہریوں کی ہلاکت پر ہمیں انتہائی افسوس ہوا ہے۔ اس غم میں ہم آپ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں‘۔
اسی طرح کا مکتوب ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے بھی کیوبا کے صدر کو روانہ کیا گیا جس میں ولی عہد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سعودی قیادت، حکومت اور عوام کیوبا کے غم میں برابر کے شریک ہیں‘۔
’ہم ہلاک شدگان کے لوحقین سے اظہار افسوس کرتے ہیں اور جو لوگ زخمی ہوئے ہیں ان کی جلد صحت یابی کی امید رکھتے ہیں‘۔