بلاول بھٹو زرداری کا حلف اٹھانے کے بعد اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کا دورہ
بلاول بھٹو زرداری کا حلف اٹھانے کے بعد اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کا دورہ
بدھ 27 اپریل 2022 21:45
منگل کو ہونے والے خودکش دھماکے میں تین چینی باشندوں سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بدھ کو وزیر خارجہ کا حلف اٹھانے کے بعد اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور کراچی میں چینی باشندوں پر حملے پر افسوس کا اظہار کیا۔
قبل ازیں بدھ کو حلف اٹھانے کے بعد بلاول بھٹو نے وزارت خارجہ کا بھی دورہ کیا اور عملے کے ارکان سے ملاقات کی۔
چینی سفارت خانے کے دورے کے موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردوں کے مذموم ارادے پاکستان اور چین کی دوستی کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔‘
بلاول بھٹو زرداری کے حلف اٹھانے کے بعد کابینہ میں وفاقی وزرا کی تعداد 34 ہوگئی ہے جب کہ چار وزرائے مملکت بھی کابینہ کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ منگل کو کراچی یونیورسٹی میں چینی شہریوں کو خودکش حملے کا نشانہ بنائے جانے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے بھی چینی سفارت خانے کا دورہ کیا تھا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ’واقعے کی تیزی سے تحقیقات کر کے مجرموں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔‘
وزیراعظم نے چین کی ناظم الامور پھینگ چن زور سے ملاقات میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ کے لیے خصوصی تعزیتی پیغام بھی تحریر کیا تھا ۔
تحریری پیغام س میں ان کا کہنا تھا کہ ’اپنے برادر پر وحشیانہ حملے پر پوری پاکستانی قوم صدمے کی حالت میں ہے۔‘
بلاول بھٹو نے بدھ کو وزیر خارجہ کے عہدے کا حلف اٹھایا (فوٹو: روئٹرز)
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پورا پاکستان چین کی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردری اور افسوس کا اظہار کرتا ہے۔‘
شہباز شریف کے مطابق ’پاکستان میں چینی باشندوں اور اداروں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔‘
منگل کو یونیورسٹی کے چینی زبان کے لیے قائم سینٹر ’کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ‘ کے قریب دھماکے میں تین چینی شہریوں سمیت چار افراد ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے انچارج راجا عمر خطاب نے دھماکے کے بعد تصدیق کی تھی کہ ’دھماکہ خودکش تھا اور یہ ایک خاتون نے کیا۔‘