ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ زائرین نے الیکٹرک ویل چیئرز کے ذریعے عمرہ کیا
ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ زائرین نے الیکٹرک ویل چیئرز کے ذریعے عمرہ کیا
پیر 25 اپریل 2022 21:06
عمرہ زائرین نے گیارہ ہزار 580 عام ویل چیئرز استعمال کیں( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں اس سال رمضان کے دوران ایک لاکھ پچاس ہزار 900 سے زیادہ زائرین نے الیکٹرک ویل چیئرز سے خانہ کعبہ کا طواف اور صفا اور مروہ کی سعی کی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کرتے ہوئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔
انتظامیہ کےعہدیدار منصور المنصوری نے بتایا کہ انتظامیہ نے مسجد الحرام اور اس کے زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور ہرطرح کے وسائل فراہم کیے ہیں۔
زائرین کے لیے 3 ہزار الیکٹرک اور 5 ہزارعام ویل چیئر فراہم کی گئی ہیں ( فوٹو العربیہ)
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے زائرین کے لیے 3 ہزار الیکٹرک ویل چیئر اور 5 ہزارعام ویل چیئر فراہم کی ہیں تاکہ بوڑھے اور معذور افراد آسانی سے خانہ کعبہ کا طواف اور صفا و مروہ کی سعی کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین انتظامیہ نے سمارٹ موبائل کے ذریعے (تنقل) ایپ اور جدید ٹیکنالوجی زائرین کو مہیا کررکھی ہے۔ الیکٹرانک ویل چیئرزآن لائن بک کرائی جاسکتی ہیں۔ اس کا فائدہ یہ ہورہا ہے کہ زائرین کو الیکٹرانک ویل چیئر حاصل کرنے میں مشکل نہیں ہوتی۔
منصورالمنصوری نے کہا کہ ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد نے الیکٹرانک ویل چیئر اور گیارہ ہزار 580 عام ویل چیئرز استعمال کیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اعدادوشمار 15 شعبان سے اب تک کے ہیں۔