کراچی...سابق مشیر پٹرولیم اور پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنا نام ای سی ایل سے خارج کرانے کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ میڈیکل بورڈ نے ریڑھ کی ہڈی کی سرجری کے لئے بیرون ملک جانے کی تجویز دی ہے۔ لندن میں ڈاکٹروں سے 20 اپریل کا وقت ملا ہے اگر بروقت علاج شروع نہ ہو اتو طبعیت بگڑسکتی ہے۔عدالت ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دے۔ واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے نیب کی درخواست پر ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا تھا۔ سندھ ہائیکورٹ طبی بنیادوں پر ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف 479 ارب روپے کی کرپشن کے 2 مقدمات میں ضمانت منظور کر چکی ہے۔