Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
ہفتہ ، 26 جولائی ، 2025 | Saturday , July   26, 2025
ہفتہ ، 26 جولائی ، 2025 | Saturday , July   26, 2025

تحریک انصاف کا مبینہ دھمکی آمیز مراسلے پر کمیشن بنانے کا مطالبہ  

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے سپریم کورٹ سے مبینہ دھمکی آمیز مراسلے کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔  
بدھ کو سپریم کورٹ میں جاری سپیکر رولنگ سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ’حقائق متنازع ہوں تو اس کی تحقیقات ضروری ہیں، وزیراعظم چاہتے ہیں کہ اس معاملے  پر کمیشن بنے۔‘ 
دوسری جانب تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب کے مطابق ’دھمکی آمیز مراسلے پر تحقیقات کروانے کی تجویز ضرور زیر غور ہے تاحال اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔‘ 
سپریم کورٹ میں دوران سماعت جسٹس جمال مندو خیل نے کہا کہ ’اگر عمران خان کمیشن بنانا چاہتے ہیں تو مطلب ہوا کہ انہیں معلوم نہیں کون ملوث ہے۔‘  
وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ‘ایسا نہیں ہے کہ وزیراعظم کو معلوم نہیں، وزیراعظم کو جو علم ہے وہ ملکی مفاد میں بولنا نہیں چاہتے، وزیراعظم تفتیش کار نہیں اس لیے یہ کام متعدد لوگوں کو کرنے دیا جائے۔‘ 
عدالت کے استفسار پر وکیل بابر اعوان نے بتایا کہ ’جن لوگوں پر اس معاملے کا الزام ہے حکومت نے ان کے خلاف ایکشن نہیں لیا، تحریک انصاف نے صرف اپنے ارکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے احتیاط سے کام لیا ہے۔‘ 
فرخ حبیب کے مطابق ’اس حوالے سے وزیراعظم بدھ کو اپنی لیگل ٹیم کے ساتھ مشاورت کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔‘
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کو غیر ملکی سازش قرار دیتے ہوئے مراسلہ چیف جسٹس کو دکھانے کی پیشکش بھی کی تھی۔  
اپوزیشن جماعتوں کے وکلا نے بھی سپریم کورٹ سے حساس اداروں کے سربراہوں کو بلا کر معاملے پر اِن کیمرا بریفنگ لینے کی بھی استدعا کی تھی تاہم چیف جسٹس نے اپوزیشن کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ریاستی معاملے، خارجہ پالیسی کو نہیں بلکہ صرف آئین کے حوالے سے جائزہ لیں گے۔‘

شیئر: