ڈارون کی ’چوری شدہ‘ ڈائریاں کیمبرج لائبریری کو مل گئیں
ڈارون کی ’چوری شدہ‘ ڈائریاں کیمبرج لائبریری کو مل گئیں
بدھ 6 اپریل 2022 7:31
چالیس ڈارون کی ڈائریوں کے ساتھ موجود کاغذ پر ’لائبریرین! ہپی ایسٹر ایکس‘ درج تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انیسویں صدی کے ممتاز سائنس دان چارلس ڈارون کی دو دہائیاں قبل کیمبرج یونیورسٹی لائبریری سے ’چوری ہونے والی‘ ڈائریاں واپس مل گئی ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق کیمبرج یونیورسٹی نے منگل کو بتایا کہ یہ ڈائریاں لائبریری کے اندر گلابی تھیلے میں چھوڑی گئیں جن کے ساتھ لائبریرین کے لیے ’ایسٹر کی مبارک باد‘ کا پیغام بھی تھا۔
واضح رہے کہ ان ڈائریوں میں چارلس ڈارون کے 1837 کے مشہور ’ٹری آف لائف‘ کا خاکہ بھی تھا، وہ 2001 میں اس وقت غائب ہو گیا تھا جس اسے تصاویر بنانے کے لیے نکالا گیا تھا۔
اس وقت لائبریری کے سٹاف کا خیال تھا کہ شاید یہ کہیں لائبریری ہی میں کھو گئے ہیں لیکن لگ بھگ ایک کروڑ کتابوں، نقشوں اور مخطوطوں کو کھنگالنے کے باوجود وہ نہیں مل سکا۔
بعدازاں اکتوبر 2020 میں ان ڈائریوں کی چوری کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ جس کے بعد انٹرپول نے کروڑوں ڈالرز مالیت کی ان کی ڈائریوں کی تلاش وسیع پیمانے پر شروع کر دی۔
یہ ڈائریاں گذشتہ ماہ نو مارچ کو دوبارہ منظرعام پر آئیں۔ انہیں کسی نے لائبریری کے سکیورٹی کمیروں کی پہنچ سے دورایک کھلے حصے میں چھوڑ دیا تھا۔ حیرت انگیز طور پر دونوں ڈائریوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔
چارلس ڈارون کی ڈائریوں کے ساتھ موجود کاغذ پر ’لائبریرین! ہپی ایسٹر ایکس‘ کے الفاظ درج تھے۔
خیال رہے کہ ڈارون نے یہ ڈائریاں دنیا کے اپنے سفر کے کچھ عرصے بعد لکھی تھیں۔ ان میں درج تصورات اور آئیڈیاز نے ڈارون کے نظریۂ ارتقا کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
کیمبرج یونیورسٹی لائبریری کی ڈائریکٹر جیسیکا گارڈنر نے کہا ہے کہ ڈائریوں کے واپس ملنے پر وہ ’بہت خوشی محسوس کر رہی ہیں اور اس وقت اپنے احساسات پر بیان کرنا ناممکن ہے۔‘
کمیبرج شائر پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جیسیکا گارڈنر نے کہا کہ ’اب ان ڈائریوں کو کیمبرج میں سرآئزک نیوٹن اور پروفیسر سٹیفن ہاکنگ کی آرکائیوز کے ساتھ موجود ڈارون کی آرکائیوز میں درست جگہ پر رکھ دیا جائے گا۔‘
کمیبرج شائر پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
پولیس نے کہا کہ ’ہم اس کیس سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی دوبارہ اپیل کریں گے۔‘