جدہ ( ارسلان ہاشمی ) مکہ مکرمہ ریجن کے ڈائریکٹر جنرل جوازات بریگیڈئیر جنرل عبدالرحمان الحربی نے کہا ہے کہ مملکت میں مقیم غیر قانونی تارکین 90 روزہ مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ملکوں کو روانہ ہو جائیں ۔ جو افراد خود کو وطن واپسی کیلئے پیش کریں گے انہیں مہلت کے حوالے سے دی گئی مراعات حاصل ہونگی جبکہ ایسے افراد جنہیں دوران تفتیش گرفتار کیا جائیگا وہ کسی قسم کی مراعات کے حقدار نہیں ہونگے ۔ ارد و نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے جنرل الحارثی نے مزید کہا کہ دوران تفتیش گرفتار کئے جانے والے افراد پر3 برس کے لئے مملکت آنے کی پابندی ہوگی اور وہ کسی بھی ویزے پر مملکت نہیں آسکیں گے ۔ مکہ مکرمہ ریجن میں مقیم تارکین کی سہولت کیلئے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور بندر گارہ پر محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ عمرہ ، وزٹ ، حج اور ٹرانزٹ ویزوں پر آکر غیر قانونی طور پر مقیم تارکین اپنے ملک کا فضائی ٹکٹ خرید کر براہ راست ائیر پورٹ جاسکتے ہیں جہاں سے انکا فائنل ایگزٹ لگا دیا جائیگا اور وہ بلیک لسٹ نہیں ہو نگے ۔ مہلت میں دی جانے والی مراعات سے فائدہ اٹھانے والے تارکین جب چا ہیں کسی بھی قانونی طریقے سے دوبارہ مملکت آسکتے ہیں ۔ ایک سوال پر جنرل حربی نے کہا کہ وہ تارکین جنہوں نے جوازات کے ذیلی ادارے شعبہ ترحیل اور لیبر آفس میں اپنا معاملہ جمع کرایا ہوا ہے اور انکے پاس کنفرم فضائی ٹکٹ ہے انہیں اس بات کی اجازت ہو گی کہ وہ مقررہ مدت کے اندر رہتے ہوئے عمرہ ادا کرسکیں تاہم اس کیلئے لازمی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ سفری دستاویزات رکھیں تاکہ کسی قسم کی مشکل میں نہ پڑیں۔ ترحیل شمیسی سے سفری اجازت نامے ( خروج نہائی)حاصل کرنے کے بعد ملک روانگی میں تاخیر نہ کریں جو افراد مقررہ وقت پر سفر نہیں کریںگے انہیں بعدازاں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اور ان پر تمام جرمانے عائد کئے جائیں گے ۔