Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

کلبھوشن رحم کی اپیل کر سکتا ہے ،خواجہ آصف

اسلام آباد.. وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہاہے کہ کلبھوشن نے پاکستان میں تخریب کاری کرنے کااعتراف کیا ہے۔سینیٹ میں بیان دیتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ کلبھوشن نے ہندوستانی حکومت کی ایما پر پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کا اعتراف کیا۔تمام قانونی تقاضے پورے کرکے مقدمہ چلایا گیا ۔ مقدمہ 3 ماہ تک جاری رہا۔کلبھوشن سزائے موت کے خلاف 60 دن کے اندر اپیل کرسکتا ہے اس کے علاوہ آرمی چیف اور صدر پاکستان سے بھی رحم کی اپیل کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح طور پر سمجھ لینی چاہیے کہ ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے چاہے سرحد پار سے آئیں یا پاکستان میں موجود ہوں، ان کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ریاست پاکستان ایسے لوگوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ قانون اپنی پوری قوت کے ساتھ حرکت میں آئے گا۔انہوںنے کہا کہ اس وقت پاکستان کے2 لاکھ جوان مغربی سرحد پر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ 80 ہزار لائن آف کنٹرول پر تعینات ہیں۔اس کی کوئی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ پڑوسی ملک افغانستان میں پچھلے 16 برس سے نیٹوممالک بیٹھے ہیں لیکن آج بھی کابل حکومت کا کنٹرول ملک کے بہت کم علاقوں پر ہے جبکہ پاکستان کے ہر کونے پر ریاست کا کنٹرول قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر نے ہندوستانی ردعمل کا جواب دے دیا ۔سوچا سمجھا قتل کشمیر میں ہورہا ہے جہاں2دن میں 12 افراد کو شہید کیا گیا۔ سوچا سمجھا قتل عام گجرات میں کیا گیا تھا۔سوچا سمجھا قتل سمجھوتہ ایکسپریس میں کیا گیا۔ پاکستان کسی سوچے سمجھے قتل میں ملوث نہیں ۔ ہند آج بھی پاکستان کی سالمیت کے خلاف مشرقی سرحد پر براہ راست اور مغربی سرحد پر پراکسی کے ذریعے برسرپیکار ہے۔
 

 

شیئر: