پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے بیرونی آقاؤں کے حضور بِکنے والے غداروں کو پوری شدت سے مسترد کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے جمعے کو اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’پختونخوا بلدیاتی انتخابات کےدوسرے مرحلے میں فقیدالمثال کامیابی پر وزیراعلیٰ محمود خان اور اپنی پی ٹی آئی کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘
Congratulations to CM @IMMahmoodKhan & our PTI team for their overwhelming success in Phase 2 of KP LG polls. Ppl of KP have emphatically rejected the traitors who sold out to foreign masters. This is an early warning to all traitors of what awaits them in their constituencies.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 1, 2022
وزیراعظم نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’خیبرپختونخوا کےعوام نے بیرونی آقاؤں کےحضور بِکنے والے غداروں کو پوری شدت سے مسترد کیا ہے۔‘
’یہ تمام غداروں کیلئے ایک پیشگی تنبیہہ ہے کہ ان کےحلقوں میں ان کےساتھ ہونے کیا والا ہے۔‘
پاکستان تحریک انصاف کا واضح برتری کا دعویٰ
آج خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ ہو رہی ہے اور مختلف ذرائع سے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج جاری کیے جا رہے ہیں۔
حکومت کی جانب سے 32 نشستوں پر برتری کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ دوسری جماعتوں کا کہنا ہے کہ ابھی تک صورت حال واضح نہیں ہوئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے نتائج کا چارٹ شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ میں لکھا ’ 27 مارچ کو سندھ سے اسلام آباد تک وزیراعظم کے حق میں نکلنے والے انسانوں کے سمندر نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی اسی جذبے کا اظہار کیا ہے۔‘









