عمران خان پارلیمنٹ اور اپنی جماعت کا اعتماد کھو چکے ہیں: مریم نواز
مریم نواز نے کہا کہ ’دس لاکھ کا جلسہ چھوڑو 172 ارکان پورے کرکے دکھاؤ۔‘ (فوٹو سکرین گریب)
مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نہ صرف عوام اور پارلیمنٹ بلکہ اپنی جماعت کا بھی اعتماد کھو چکے ہیں۔
پیر کی شب اسلام آباد کی ایچ نائن گراؤنڈ میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’جن کے دماغ میں رعونت بھر جائے ان کا یہی حشر ہوتا ہے جو عمران خان کا ہوا ہے۔ جن کی صبح شام گالیوں اور بدتمیزی سے ہو ان کا وہی حشر ہوتا ہے جو عمران خان کا ہوا ہے۔ حشر کی آج ابتدا ہوئی ہے آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عمران خان نے سرکاری وسائل سے جلسہ کیا اور پھر بھی دس لاکھ تو کیا دس ہزار کا مجمع نہیں لگا سکا۔ مولانا صاحب کی قیادت میں تمہیں الوداع کہنے آئے ہیں۔‘
’دس لاکھ کا جلسہ چھوڑو 172 ارکان پورے کرکے دکھاؤ۔ اپنے لوگ بھاگ گئے ہیں ارکان پورے نہیں ہو رہے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’وہ شخص آپ کا اعتماد کھو چکا۔ جو شخص سولہ میں سے پندرہ ضمنی الیکشن ہار جائے تو کیا اس نے آپ کا اعتماد نہیں کھویا۔ وہ نہ صرف آپ کا بلکہ پارلیمنٹ کا اعتماد بھی کھو چکا ہے۔ اپنی جماعت کا اعتماد کھو چکا ہے۔ کیا اس شخص کو حکمرانی کا حق ہے۔ کیا عمران خان کو ملک کی تقدیر کے فیصلے کرنے کا حق ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’عمران کی اقتدار کی کشتی ڈوبنے لگی تو سب سے پہلے وسیم اکرم پلس عثمان بزدار کو پانی میں دھکا دے دیا۔‘
’میں قوم کو کہنا چاہتی ہوں کہ آپ نے عمران خان سے زیادہ احسان فراموش شخص دیکھا کبھی؟ جہانگیر ترین کا جہاز استعمال کیا اور پھر اس کا بھی نہیں بنا۔ علیم خان کا بھی نہیں بنا۔ ماننا پڑے گا کہ اس شخص کے شر سے کوئی نہیں بچا۔‘
خط کے بارے میں بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’کھودا پہاڑ نکلا چوہا۔ ایک خط دکھایا اور کہا یہی ہے میرے خلاف سازش۔ پتہ نہیں یہ کون سی سازش ہے۔ کہتا ہے عالمی طاقتیں میرے خلاف سازش کر رہی ہیں۔ کیا اس سے زیادہ مضحکہ خیز بات کبھی سنی؟‘
’خط میں کیا لکھا تھا ڈیئر عمران خان عرض یہ ہے کہ ہم آپ کے خلاف سازش کر رہے ہیں اور خط بھیج رہے ہیں تاکہ آپ جلسوں میں لہرا کر دکھائیں۔ ہم وہ خط آپ کو وزارت خارجہ کے ذریعے بھیج رہے ہیں اور نہ کسی اور ذریعے سے۔ جادو ٹونے سے بھیج رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر پاکستان کے خلاف کوئی عالمی سازش ہوئی ہے تو اس کا سب سے بڑا آلہ کار عمران خان ہے۔ کوئی پاکستان کےلیے اتنا خطرناک نہیں جتنا عمران خان ہے۔‘