شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ حزب اختلاف کی بے وقوفی سے عمران خان مزید مقبول ہو گئے ہیں۔
شیخ رشید نے اپوزیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آخری بال تک کھیلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پورا اسلام آباد کھلا ہے، افواہوں پر دھیان دینے کی ضرورت نہیں۔
’وزارت داخلہ کا کمانڈ اینڈ کنٹرول 24 گھنٹے بحال ہے۔‘
شیخ رشید نے جے یو آئی ف، جس کے کارکن مہنگائی مکاؤ مارچ کے سلسلے میں سرینگر ہائی وے پر موجود ہیں، کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی پھڈا ڈالنے کی کوشش کی گئی تو چیف جسٹس کی ہدایت کے مطابق ایکشن لیا جائے گا، چاہے نتیجہ کچھ بھی نکلے۔
ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کا وقت ختم ہو گیا ہے، 28 مارچ کے لیے ن لیگ کو یہ مقام دیا گیا ہے، ان کا حق ہے کہ ریلی نکالیں۔
شیخ رشید نے چیف جسٹس آف پاکستان کی ہدایت یاد کراتے ہوئے کہا کہ سری نگر ہائی وے کو کھلا رکھا جائے گا۔
انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی معیار اتنا گر چکا ہے کہ ان کا رکن جو صحافی کے قتل میں ملوث ہے، وہ بیرون ملک سے ووٹ ڈالنے آ رہا ہے۔
’ڈی جی آئی ایف آئی کو کہا ہے کہ اس کو گرفتار کر لیا جائے۔‘
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہ وہ اللہ سے خیر کی مدد مانگیں۔
جے یو آئی کے کارکن مہنگائی مکاؤ مارچ کے سلسلے میں سری نگر ہائی وے پر موجود ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
’وہ اسلامی مدرسوں کو اقتدار کے مفاد کے لیے سیاست میں نہ جھونکیں۔‘
انہوں نے نام لیے بغیر مسلم لیگ ن کو بھگوڑوں کی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی نہ اولاد ملک میں ہے اور ہی نیشنلٹی، وہ قوم کو لوٹنے کے لیے آتے ہیں۔
’یہ سیاسی کفن فروش اپنے سیاسی انجام کو پہنچنے والے ہیں۔‘
شیخ رشید نے عمران خان کی مزید مقبولیت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام میں زندہ ہو گئے ہیں، وہ اسمبلی میں جیتیں یا عوام میں جیتیں، وہ چھا گئے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے الفاظ ریکارڈ کے طور پر رکھ لیں کہ اپوزیشن جو سوچ کر بیٹھی ہے وہ نہیں ہونے جا رہا۔
شیخ رشید نے بتایا کہ وزیراعظم کو سندھ میں گورنر راج لگانے اور بجٹ کے بعد قبل از وقت الیکشن کی طرف جانے کا مشورہ دیا تھا۔
ان کے مطابق انہوں نے تمام سیاسی کام کر لیے ہیں اور صرف نالہ لئی رہ گیا ہے جس کے بعد وہ ریٹائرمنٹ کا سوچیں گے۔