کراچی ..پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بلے باز یونس خان نے بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ ہفتے کو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران سابق کپتان نے کہا کہ یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ اپنے ملک کو آگے لے جانے کی پوری کوشش کی۔ سرفراز احمد ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے لئے بہترین انتخاب ہیں۔ان کے پاس موقع ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کو آگے لے کر جائیں۔ میرے خیال میں کسی کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اگر یونس خان نہیں کھیل رہا تو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے لئے درست وقت ہے۔ عمر کے اس حصے میں نہیں رہا کہ مزید پانچ سال کرکٹ کھیل سکوں۔ واضح رہے کہ یونس خان نے 13 فروری 2000 کو بین الاقوامی کیرئر کا آغاز کراچی میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ سے کیا تھا ۔یونس خان نے اپنی قیادت میں پاکستان کو 2009 میں ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چمپیئن بنایا جو 1992 کے ورلڈکپ میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز تھا ۔یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنزبنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔سری لنکا کے خلاف ٹرپل سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا ۔ٹیسٹ کرکٹ میں 313 رنز ان کا بڑا اسکور ہے۔یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں10 ہزار رنز بنانے میں34رنز کی دوری پر ہیں۔