پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپنے بارے لگائے گئے الزامات کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کو ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ریحام خان (آپ) کی کتاب کا حوالے دے کر بہتان تراشی کی جاتی ہے اور وزارت کی کارکردگی کو متنازع بنایا جاتا ہے۔ ’جس کی آپ نے کبھی تردید نہیں کی بلکہ ایسے الزامات پر مبنی مواد کو ری ٹویٹ بھی کرتی ہیں۔‘
14 دن میں وضاحت اور معافی نہ مانگنے کی صورت میں عدالت سے سخت سزا اور ایک ارب ہرجانے کی استدعا کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
-
مجھے دلیل سے نہیں غلیظ گالیوں سے جواب دیا جاتا ہے: مراد سعیدNode ID: 645576
ریحام خان کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید کے خلاف آپ کی تحریر کو بنیاد بنا کر کردار کشی اور بہتان تراشی کی جاتی ہے۔ ’مراد سعید پاکستان تحریک انصاف کے طلبہ تنظیم کے بانی صدر رہے ہیں۔ انھوں نے پورے پاکستان میں انصاف یوتھ ونگ کو منظم کیا اور ججز بحالی تحریک، ڈرون حملوں کے خلاف مہم، دہشت گردی کے خلاف اور دیگر تحریکوں اور عوامی ایشوز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔‘
نوٹس کے مطابق مراد سعید کو 2013 کے انتخابات میں اپنی سیاسی جدوجہد کی وجہ سے پارٹی ٹکٹ ملا اور ریکارڈ ووٹ کے ساتھ رکن اسمبلی بنے۔ ’انھوں نے پارلیمانی اور سیاسی میدان میں متحرک کردار ادا کیا اور ملک کی سیاست میں نام بنایا۔ اسی طرح 2018 کے انتخابات میں اپنی جماعت کے ٹکٹ پر دوبارہ عوام کا اعتماد ملا اور بڑی کامیابی حاصل کی۔‘
’ستمبر 2018 میں مراد سعید کو وزیر مملکت کا عہدہ دیا گیا اور حکومت کے وژن کے مطابق پہلے سو دن میں وزارت کے اہداف حاصل کر کے وفاقی وزیر بن گئے۔ اس دوران مراد سعید نے سابقہ فاٹا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کامیاب انتخابی مہم میں اپنی جماعت کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے پارٹی کا پیغام بہترین انداز میں پہنچایا۔‘
