Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 16 جون ، 2025 | Monday , June   16, 2025
پیر ، 16 جون ، 2025 | Monday , June   16, 2025

سوشل میڈیا میں ہماری بنیادوں کو کھوکھلا کیا جارہاہے، شیخ سدیس

مکہ مکرمہ:مسجد الحرم کے امام و خطیب اور حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ سوشل میڈیا نوجوانوں کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔ سوشل میڈیا کے ذریعے ہماری بنیادوں کو کھوکھلا بنایا جا رہا ہے ۔ امت کے رہنمائوں ، بزرگوں اورقابل تقلید شخصیات کی تضحیک کی جا رہی ہے ۔ وہ مسجد الحرام میں ہزاروں نمازیوں کی موجودگی میں روح پرور ماحول میں جمعہ کا خطبہ دے رہے تھے ۔ شیخ عبدالرحمان السدیس نے جمعہ کے خطبے میں کہا کہ نوجوان اگر کسی کو قابل تقلید نمونہ بنانا چاہتے ہیں تو وہ انسانیت کے قابل تقلید نمونہ کا اسوۂ حسنہ اختیار کریں ۔ ہمارے لئے اسوۂ حسنہ رسول اکرم ہیں ۔ اسلام اعتدال پسند دین ہے جس میں کوئی افراط اور تفریط نہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسجد الحرام کے اس مقدس مقام سے ہم امت کے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اللہ کے رسول کو اپنا اسوۂ بنائیں اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی سیرتوں کو اختیار کریں ۔ بدعتوں سے اجتناب کریں اور خواہشات نفس کی پیروی کرنیوالوں کی دعوت ٹھکرا دیں ۔ انہوں نے فرد اور جماعت کے علاوہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ہر ایک مسلم معاشرے کی قوت  کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ معاشرے کو کھوکھلا کرنیوالی چیزوں کا سدباب کرنے کیلئے ہم میں سے ہر شخص اپنا کردار ادا کرے ۔ ہمیں اپنے معاشرے سے جاہلیت ،شدت پسندی ، غلو ، انتہاپسندی ،تعصب اور فرقہ واریت کی بیخ کنی کرنی ہو گی ۔ منحرف افکار  و نظریات کا مقابلہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ اسلام کی اعتدال پسند اور روشن فکر کو اجاگر کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے رسول کی اقتداء کرنی چاہئے ۔ ہمارے لئے اسوۂ حسنہ اور قابل تقلید نمونہ صحابہ کرام اور امت کے علماء ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں فوز و فلاح اور آخرت میں نجات  اللہ کے رسول کی اقتداء میں ہے ۔
 
 

شیئر: