Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

ریاض میں انٹرنیشنل پٹرولیم ٹیکنالوجی کانفرنس کا آغاز

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کانفرنس کی سرپرستی کررہے ہیں( فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے اتوار کو ریاض میں انٹرنیشنل پٹرولیم ٹیکنالوجی کانفرنس 2022 کا افتتاح کیا ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کانفرنس کی سرپرستی کررہے ہیں۔ 
سعودی وزیرتوانائی پیر کو ایک نمائش کا بھی افتتاح کریں گے۔ کانفرنس میں کاربن سرکلر اکانومی اور چوتھے صنعتی انقلاب کی ٹیکنالوجی پر سیمینار بھی ہوں گے۔
کانفرنس میں متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی سہیل المزروعی، کویتی وزیر پٹرولیم محمد الفارس، بحرین کے وزیر پٹرولیم شیخ محمد آل خلیفہ، عراقی وزیر پٹرولیم احسان اسماعیل اور مصر کے وزیر پٹرولیم و معدنیات طارق الملا شریک ہیں۔ 
یاد رہے کہ انٹرنیشنل پٹرولیم ٹیکنالوجی کانفرنس کی شروعات 2005 میں ہوئی تھی۔

 انٹرنیشنل پٹرولیم ٹیکنالوجی کانفرنس کی شروعات 2005 میں ہوئی تھی(فوٹو ٹوئٹر)

وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ ’مملکت سہ نکاتی توانائی فارمولے پر کام کررہی ہے۔ یہ فارمولا توانائی سیکیورٹی، معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ماحولیاتی تبدیلی کے مقابلے پر مشتمل ہے‘۔ 
الشرق الاوسط کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’ سہ نکاتی فارمولے میں تینوں نکتے اپنی جگہ پراہم ہیں‘۔ 
شہزادہ عبدالعزیز نے سعودی آرامکو کی کارکردگی، شفافیت اور کامیابی کے مختلف پہلوؤں سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے پٹرول اورگیس نیز نئی توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پھر واضح کیا کہ ’سعودی عرب ان سیکٹرز میں سرمایہ کاری جاری رکھنے کے  لیے پرعزم ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ دنیا توانائی میں تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے۔ کسی ایک پہلو پر توجہ مرکوز کرنا غلط ہوگا۔ معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے توانائی کے مختلف ذرائع اس کی ضرورت ہیں‘۔ 
الاخباریہ اورالعربیہ نیٹ کے مطابق آرامکو کے چیئرمین یاسر الرمیان نے اپنے خطاب میں کہا کہ’ کاربن کا اخراج کم کرنے پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ پٹرول اور گیس کے نئے استعمال تلاش کررہے ہیں۔ اس پر کام جاری ہے‘۔ 

کانفرنس میں پٹرول ٹیکنالوجی پر107 مباحثے ہوں گے(فوٹو ٹوئٹر)

انہوں نے کہا کہ’ پٹرول اور گیس عالمی توانائی تبدیلی کا ایک حصہ ہے اور یہ دونوں آئندہ عشروں کے دوران اپنی اہمیت کے ساتھ ہوں گے‘۔
عالمی کانفرنس کی استقبالیہ کمیٹی کے ڈائریکٹر ناصر النعیمی نے کہا کہ ’کورونا کی وبا چیلنج تھی۔ ہم مستقبل کی جانب دیکھ رہے ہیں اور معیشت کو وبا کے بعد بحران سے نکالنے کے لیے کوشاں ہیں‘۔  
انٹرنیشنل پٹرولیم ٹیکنالوجی کانفرنس میں 70 ممالک کے وزرا، ماہرین اور پٹرول ٹیکنالوجی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہیں۔ 300 سے زیادہ بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندے موجود ہیں۔
کانفرنس میں پٹرول ٹیکنالوجی پر107 مباحثے ہوں گے۔ 800 سے زیادہ مقالے پیش کیے جائیں گے۔  
 توانائی کے شعبوں، موجودہ اور مستقبل کی ٹیکنالوجی سے متعلق رجحانات اور تازہ تبدیلیوں پر مشترکہ تصورات اور خیالات پیش کیے جائیں گے اور ان پر مباحثے ہوں گے۔ 
کانفرنس کا بڑا ہدف ’پائدار توانائی کے ذریعے وبا سے پوری دنیا کو نجات دلانے کی کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔

شیئر: