وائرس سے ایک ہی دن میں 2 ہزار 596 افراد شفایاب ہوئے (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مملکت میں کورونا کے 13 سو76 نئے کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 37 ہزار334 تک پہنچ گئی۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ گزشتہ ایک روز کے اندر مملکت کے مختلف ریجنز میں کورونا کے 3 مریض جان کی بازی ہار چکے۔
مملکت میں کورونا وائرس سے اب تک 8 ہزار 981 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
وزارت صحت کا مزید کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں 2 ہزار 596 افراد شفایاب ہوئے جس کے بعد اب تک صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 7 ہزار 492 ہوگئی۔
وزارت کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق مملکت کے مختلف ریجنز میں زیرعلاج مریضوں میں سے 933 کی حالات نازک ہے جنہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔
کورونا سے بچاو کےلیے بوسٹرڈوز لگانے کا سلسلہ جاری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
واضح رہے سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاو کےلیے ویکسین کی تیسری خوراک لگانے کا سلسلہ جاری ہے اس ضمن میں ان افراد کو بوسٹرڈوز لگائی جارہی ہے جنہیں دوسری خوراک لگائے 8 ماہ گزرچکے ہیں۔
ایسے افراد جنہوں نے مقررہ مدت گزرنے کے باوجود بوسٹرڈوز نہیں لگوائی توکلنا ایپ پرانکا ’امیون‘ اسٹیٹس ختم ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے وہ کسی سرکاری یا نجی ادارے کے علاوہ شاپنگ سینٹرز یا مارکیٹوں میں داخل نہیں ہوسکتے۔