جدہ میں 5 کلو کرسٹل ضبط، غیر ملکی گرفتار
اتوار 13 فروری 2022 10:19
’گرفتار شدہ شخص کی خفیہ معلومات کی بنا پر نگرانی ہو رہی تھی‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
ادارہ انسداد منشیات نے ایک غیر ملکی کو گرفتار کیا ہے جس کے قبضے سے 5 کلو نشہ آور مادہ کرسٹل ضبط ہوا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ادارے نے کہا ہے کہ ’کارروائی جدہ شہر میں ہوئی ہے‘۔
ادارے نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدہ شخص پاکستانی تارک وطن ہے جس کی خفیہ معلومات کی بنا پر نگرانی ہو رہی تھی‘۔
’مذکورہ شخص کو نشہ آور مادے کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے طے شدہ منصوبے کے تحت اسے گرفتار کیا ہے‘۔
ادارے نے کہا ہے کہ ’تفتیش مکمل کرنے کے بعد مذکورہ شخص کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے‘۔