پاکستان نے سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھنے والے سفیروں کی تقرریاں عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے اور پہلے مرحلے میں سعودی عرب اور عمان میں سفیروں کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں پاکستانی سفیر لیفٹینینٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر، جنہیں گذشتہ سال ہی تعینات کیا گیا تھا، کو عہدہ چھوڑنے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ سعودی عرب کے لیے نئے سفیر امیر خرم راٹھور کو اگلے ہفتے سعودی عرب پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔
مزید پڑھیں
-
سعودی سفیر نواف المالکی کی وفاقی وزیر عمر ایوب سے ملاقاتNode ID: 641446
-
یمن میں سعودی سفیر کی اقوام متحدہ کے اہلکار سے ملاقاتNode ID: 642311
نئے سفیر اگلے ہفتے سعودی عرب میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اس سلسلے میں سعودی عرب کے لیے نامزد سفیر خرم راٹھور نے پاکستان میں رسمی ملاقاتیں بھی شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے ان ملاقاتوں کا آغاز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے ساتھ کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے سعودی عرب میں بطور سفیر نامزدگی پر خرم راٹھور کو مبارک باد دی اور کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک نے ہر آڑے وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ آپ جیسے منجھے ہوئے سفارت کار کی بطور سفیر تقرری سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔‘
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’ہماری حکومت اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ ہمارے سفرا کو اقتصادی سفارت کاری کو بروئے کار لا کر پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔‘
وزیر خارجہ نے کہا کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد مقیم ہے جو اپنی محنت کی کمائی پاکستان بھجوا کر ملک کے معاشی استحکام کے لیےاپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔‘
