واشنگٹن ...امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گا۔توقع ہے کسی اور ملک کی سر زمین بھی ہمارے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی۔ خطے کو محفوظ بنانے کے لئے ضروری ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کیا جائے۔ پاکستانی صحافیوں سے ملاقات میں انہوں کہا کہ افغانستان کا حل عسکری نہیں۔جب بھی افغانستان میں بدامنی ہوئی پاکستان کو نقصان پہنچا۔افغانستان میں امن کے لئے اخلاص کے ساتھ تمام کوششوں میں شریک ہونا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لئے پاکستان اور امریکا مل کر کام کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی اور کیلئے نہیں لڑ رہا۔ دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے تمام دہشت گردوں کو نکال باہر کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔انہو ں نے مزید کہا کہ پاکستان کے چین سے اچھے تعلقات ہیں مگر امریکا سے تعلقات بھی اہمیت کے حامل ہیں۔