واشنگٹن .... اقوام متحدہ میں امریکی سفارتکار کی طرف سے پاک ہند کشیدگی ختم کرانے کے بیان کے ایک دن بعد ہی امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہند کو اپنے اختلافات براہ راست بات چیت کے ذریعے طے کرنا چاہئیں۔45سالہ ہیلی نے گزشتہ روز اپنی نیوز کانفرنس میں بیان دیکر امریکی اور ہندوستانی حکام کو حیران کردیا تھا کہ صدر ٹرمپ دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی ختم کرائیں گے تاہم اب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم کشیدگی ختم کرنے کیلئے پاک و ہند کے درمیان براہ راست مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات معمول پر آنا نہ صرف انکے لئے بلکہ خطے کیلئے بھی اہم ہیں۔ دونوںملک قریبی علاقائی اقتصادی تعلقات قائم کرینگے تو اس سے ملازمت کے مواقع پیداہونگے۔ افراط زر کم ہوگا اور بجلی کی پیداوار بڑھے گی۔ہم پاکستان اور ہندوستان کے درمیان اختلافات کے خاتمے کیلئے دونوں ملکوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔