پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوری 2022 میں ملک بھر میں گذشتہ 32 برسوں کے دوران سب سے زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
محکمہ موسمیات کے ماحول پر ڈیٹا اکھٹا کرنے والے سینٹر (کلائیمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینیٹر کراچی) کی رپورٹ کے مطابق جنوری کے مہینے میں مسلسل بارشوں کے تین دور ہوئے جو معمول سے بہت زیادہ تھے۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں مسلسل برف باری اور کراچی اور بلوچستان میں سمندری طوفانی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا۔
رپورٹ کے مطابق زیادہ بارشوں کی وجہ سے گزشتہ 62 برسوں کے مقابلے میں جنوری 2022 دوسرا بھیگا ترین مہینہ ثابت ہوا ہے۔
مزید پڑھیں
-
کم بارشیں: ’پانی اور خوراک کی قلّت کا خدشہ‘Node ID: 538431
-
’سوری کینیڈا، پاکستان میں بہار آ گئی ہے‘Node ID: 545276
اس دوران پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 88.6 فیصد، گلگت بلتستان میں 152، بلوچستان میں 166، خیبرپختونخوا میں 120.6 اور پنجاب میں 257.6 فیصد بارش معمول سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 62 برسوں کے دوران ملک بھر میں سب سے زیادہ بارش 55.9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ 1990 میں ریکارڈ کی گئی۔
جنوری 2022 میں ملک بھر میں بارش کی مقدار 52.7 فیصد رہی جبکہ ماہانہ اوسط بارش کی مقدار 18.9 ملی میٹر بنتی ہے۔ اس حساب سے گزشتہ ماہ 177 فیصد زائد بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔
ماہانہ اوسط متوقع بارشوں کے رجحان کو سامنے رکھا جائے تو جنوری میں کشمیر میں 52 ملی میٹر کے مقابلے میں 99 ملی میٹر، گلگت بلتستان میں 17 کے مقابلے میں 45، بلوچستان میں 18 کے مقابلے میں 48، خیبر پختونخوا میں 100 کے مقابلے میں 120، پنجاب میں 55 کے مقابلے میں 258 اور سندھ میں 2.8 کے مقابلے میں 23 ملی میٹر زیادہ بارشیں ہوئیں۔
سال 2022 میں بھیگا ترین دن پانچ جنوری کا تھا جس دن پسنی میں 115 ملی میٹر بارش ہوئی۔ مہینے بھر میں سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 218.6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
