جدہ(نمائندہ خصوصی) وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کشمیر میں کرفیو اور ڈھائی ماہ سے جاری ہندوستانی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں مجاہد ین آزادی کی شہادت تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ وہاں ماؤں بہنوں بچوں بوڑھوں اور جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔ وہ جدہ میں جموں و کشمیر اوورسیزکمیونٹی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ، انہوں نے کہاکہ ہم میں بیشک سیاسی اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن کشمیر پالیسی و کشمیر کاز پر ساری جماعتیں ایک پیج پر ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی ایک نازک دور سے گزر رہا ہے جہاں پاک افواج دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم کئے ہوئے ہے۔ سردار عتیق نے کہا کہ اس وقت عالمی قوتوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے ہند پر دباؤ ڈالنا چاہیے اور مسلم ممالک کی نما ئندہ او آئی سی کو اپنا ٹھوس کردار ادا کرنا چاہیے،انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ کشمیر کے مسئلے کا حل صرف با مقصد مذاکرات میں ہے اور اسکا کوئی دوسرا حل نہیں تاہم مذاکرات میں سہ فریقی نمائندوں کی شرکت ضروری ہے ، انہوں نے کہا کہ جب پاکستانی سیاست داں مسئلہ کشمیر پر خاموشی اختیار کرتے ہیں تو سربراہ پاک افواج واضح کرتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اسکا پرامن اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ۔ سردار عتیق نے حاضرین کو مشورہ دیا کہ وہ مملکت کے قوانین کا احترام کریں اورکشمیر کاز کو ہر محاذ پر پیش کرتے رہیں خاص طور پر ذرا ئع ابلاغ کے اداروں کو ، اس موقع پر مسلم کانفرنس سعودی عرب کے کنوینر عبد اللطیف عباسی ، سردار اقبال ،غلام نبی بٹ، ظفر ، خورشید مٹیال ، شفیق ملک اور دیگر کشمیریوں نے تقریب میں شرکت کی۔