متحدہ عرب امارات میں جون 2023 سے کاروباری منافع پر 9 فیصد ٹیکس
متحدہ عرب امارات میں جون 2023 سے کاروباری منافع پر 9 فیصد ٹیکس
پیر 31 جنوری 2022 17:44
تین لاکھ 75 ہزار درہم سے زیادہ منافع پر ٹیکس لاگو ہوگا۔ (فائل فوٹو :عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات میں وزارت خزانہ نے جون 2023 سے کاروباری منافع پر 9 فیصد وفاقی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی خبر رساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق امارات نے کمپنیوں پر ٹیکس پالیسی دنیا میں رائج بہترین ضوابط کے تحت تیار کی ہے۔ ٹیکس میں استثنیٰ پالیسی بھی نافذ ہوگی۔ محدود دائرے میں ترامیم بھی ہوں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ ’کمپنی ٹیکس تمام تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں پر لاگو ہوگا۔ اس سے قدرتی وسائل نکالنے والی سرگرمیاں مستثنیٰ ہوں گی اور وہ ریاست کی سطح پر رائج کمپنی ٹیکس کے ماتحت ہوں گی۔‘
وزارت خزانہ نے بیان میں مزید کہا کہ ’تین لاکھ 75 ہزار درہم سے زیادہ منافع پر ٹیکس لاگو ہوگا۔ اس سے کم پرکوئی ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔‘
ذاتی آمدنی پر کمپنی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
’ ملازمت سے ہونے والی ذاتی آمدنی پر کمپنی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا' اسی طرح غیر منقولہ جائدادوں کے کاروبار یا دیگر سرمایہ کاریوں سے ہونے والی ذاتی آمدنی پر بھی ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔‘
سیکریٹری خزانہ یونس حاجی الخوری نے کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات ملکی و بین الاقوامی کاروبار کا حجم بڑھانے میں کلیدی کردارادا کر رہا ہے۔ کمپنی ٹیکس مسابقتی درجے کا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حکومت کمپنی ٹیکس مقرر کر کے ٹیکس نظام میں بین الاقوامی شفافیت کی پابند رہے گی اور نقصان پہنچانے والی ٹیکس سرگرمیوں کو روکا جائے گا۔‘
سیکریٹری خزانہ نے مزید کہا کہ ’امارات میں کمپنی ٹیکس نافذ کرنے کے لیے تمام فریقوں کو تیاری کا مناسب وقت دیا جائے گا۔ کمپنی ٹیکس سے متعلق مزید معلومات کے لیے ویب سائٹ سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔‘