پورٹ آف اسپین... پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کی کامیابی میں بولنگ حکمت عملی کو بنیادی وجہ قرا ردیا۔ انہوں نے کہا کہ بولنگ لائن میں کپتان اور کوچ کے مشورے سے سیریز کیلئے جو حکمت عملی ترتیب دی وہ موثر رہی اور ہم اپنے منصوبے کے مطابق ویسٹ انڈیز کیخلاف بولنگ کرتے ہوئے کامیابی کی راہ پر گامزن رہے تاہم تیسرے میچ میں ویسٹ انڈین بیٹسمین لیوس ہمارے قابو نہیں آسکے۔ ایک سوال پر فاسٹ بولر نے کہا کہ ہوم گراونڈ پر ویسٹ انڈیز کو شکست دینا کبھی آسان نہیں رہا لیکن نوجوان کھلاڑیوں کا اعتماد اور سینیئر کھلاڑیوں کا تجربہ ہمارے کام آیا۔ بولنگ لائن نے پوری سریز میں اچھی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھا ۔ سپر لیگ بھی اس لیگ کی تیاری میں ہمارے کام آئی اور کسی میچ میں ٹیم کو مشکل صورتحال سے دوچار نہیں ہونا پڑا۔ بیٹنگ لائن بھی اسی انداز میں کارکردگی دکھائے تو ون ڈے سیریز جیتنا مشکل نہیں ہوگا۔ ون ڈے سیریز ہمارے لئے زیادہ اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس کا نتیجہ ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی میں مددگار ثابت ہوگا۔ ویسٹ انڈیز بھی کم و بیش ایسی ہی صورتحال سے دوچار ہے لیکن ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی نے ہمارے اعتماد میں اضافہ کردیا ہے جو ون ڈے سیریز میں یقینی طور پر کام آئے گا۔