Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025

ابوظبی حملوں میں شہری کی ہلاکت پر امارات کا پاکستان سے اظہار تعزیت

ملاقات میں ابوظبی کے شہری علاقوں پر ڈرون حملوں پر افسوس کا اظہار کیا گیا (فوٹو: وزارت خارجہ)
پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
بدھ کو پاکستانی وزرات خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں ابوظبی کے شہری علاقوں پر ڈرون حملوں پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔
اماراتی سفیر نے 17 جنوری کو ابوظبی کے شہری علاقوں پر حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون حملوں میں پاکستانی شہری کے انتقال پر وزیر خارجہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور پاکستانی قیادت کی جانب سے اظہار یکجہتی پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔
شاہ محمود قریشی نے حوثی ملیشیا کی جانب سے ابوظہبی کے شہری علاقوں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے اور ابوظبی پر ہونے والے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ان کی گذشتہ روز اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جس میں پاکستانی شہری کی میت کی جلد وطن واپسی اور زخمیوں  کے علاج معالجے کے لیے اماراتی حکومت کی بھرپور کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان امارات کے ساتھ کھڑا ہے۔
ان کے مطابق ’ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور دہشتگرد حملوں کو امارات کی خود مختاری اور سالمیت پر حملہ سمجھتے ہیں۔‘

شیئر: