Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

لاہور میں خاتون ڈاکٹر تین بچوں سمیت قتل

سی سی پی او آفس کے مطابق وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے اور ہر طرح کی فرانزک شہادتیں اکھٹی کی جا رہی ہیں۔ (فائل فوٹو: کینیڈین انڈر رائٹر)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس کے مطابق ایک خاتون ڈاکٹر کو ان کے تین بچوں سمیت قتل کر دیا گیا ہے۔ 
بدھ کو یہ واقعہ لاہور کے نواحی علاقے کاہنہ میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق قتل ہونے والی ڈاکٹر کا نام ناہید مبارک ہے اور ان کی عمر 40 سے 42 سال ہو سکتی ہے۔ 
جبکہ ہلاک ہونے والے ان کے بیٹے تیمور سلطان کی عمر 20 سال جبکہ بیٹی ماہ نور کی عمر 15 سال جبکہ بیٹی جنت فاطمہ کی عمر 10 سال ہے۔ 
قتل ہونے والے افراد کی لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں چاروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ہے۔
سی سی پی او آفس کے مطابق وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے اور ہر طرح کی فرانزک شہادتیں اکھٹی کی جا رہی ہیں۔ 
دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزادر نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ 
اہل علاقہ کے مطابق خاتون ڈاکٹر اپنے تینوں بچوں کے ساتھ ہی رہتی تھیں۔ بچوں کے والد یا خاتون کے شوہر کو کبھی نہیں دیکھا گیا۔ 
قتل ہونے والی خاتون ناہید کے شوہر کا نام سبطین احمد ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

شیئر: