Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
ہفتہ ، 26 جولائی ، 2025 | Saturday , July   26, 2025
ہفتہ ، 26 جولائی ، 2025 | Saturday , July   26, 2025

کشمیر میں جوڑے پر تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد تین ملزم گرفتار

ویڈیو وائرل ہونے پر آئی جی پی مظفر آباد نے نوٹس لیا تھا (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کے علاقے لنگرہ پورہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایک خاتون اور مرد کے ساتھ بدتمیزی، تشدد کرنے اور اشیا چھین کر ویڈیو بنانے والوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پیر کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں چند افراد ایک خاتون اور مرد کی گاڑی روک کر تشدد کا نشانہ بناتے اور رقم اور موبائل کا مطالبہ کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں جب کہ اس دوران ملزموں کا ایک ساتھی مسلسل ویڈیو بھی بناتا رہا۔
45 سیکنڈ پر مشتمل اس ویڈیو کو شیئر کرنے والوں کی جانب سے اس کے ساتھ مظفرآباد لنگرہ پورہ سیٹلائٹ ٹاؤن بھی لکھا گیا۔
مظفرآباد پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر سہیل حبیب تاجک نے اس کا نوٹس لیا اور پولیس کو ہدایت کی گئی کہ واقعے میں ملوث عناصر کا پتہ چلایا جائے گا۔
بیان کے مطابق ایس ایس پی مظفر آباد محمد یاسین بیگ اور عملے نے ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کو ٹریس کرنا شروع کیا اور ملزموں کا سراغ لگاتے ہوئے تینوں ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والوں میں حفیظ الرحمان، شفقت ساکن شالا باغ اور محمد دانش چوہدری شامل ہیں جو ضلع نیلم ڈیریاں بمبیاں کے رہائشی ہیں۔
پولیس کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزموں نے واردات کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے کہ اس میں اور کون کون ملوث ہے اور اس کا محرک کیا تھا۔

شیئر: