پاکستانی سفارتخانے میں مزید 2ہیلپ ڈیسک قائم
اب تک تقریباً300زائد المیعاد پاسپورٹس کی مہلت میں اضافہ کیا جاچکا ،گزشتہ2دن میں ساڑھے 3ہزار افراد آچکے ہیں، محمد حسن وزیر
ریاض (جاوید اقبال) پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور محمد حسن وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان مستقل واپسی کیلئے سفارتخانے میں مدد کیلئے آنے والوں کے اژدہام کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 2مزید ہیلپ ڈیسک قائم کردیئے جائیں۔ یہ بات انہوں نے اردونیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2دن کے دوران 3500افراد سفارتخانے سے مدد کیلئے رجوع کرچکے ہیں اور یہ کہ اب تک تقریباً300زائد المیعاد پاسپورٹس کی مہلت میں اضافہ کیا جاچکا ہے۔ ایمرجنسی سفر کی دستاویز کے اجراءکے بارے میں بات کرتے ہوئے محمد حسن وزیر نے کہا کہ اس کے حصول کیلئے تقریباً ایک ہزار افراد آئے ہیں اور یہ کہ اب تک تقریباً300کو اس کا اجراءکیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دستاویز کو جسے ای ٹی ڈی بھی کہا جاتا ہے لیکر سفر کا خواہشمند وزارت داخلہ جاتا ہے جہاں اسے خروج نہائی کا اجازت نامہ دیدیا جاتا ہے۔ اس ٹوکن اور ہوائی جہاز کے ٹکٹ کے ہمراہ وہ ہوائی اڈے پر پہنچ کر پرواز لے سکتا ہے۔ ایک سوال پر محمد حسن وزیر نے کہا کہ تقریباً ایک ہزار افراد روزانہ سفارتخانے میں اس سلسلے میں آرہے ہیں۔ انہوں نے کمیونٹی ویلفیئرسیکشن اور پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی مساعی کی بیحد تعریف کی اور غیر قانونی طور پر مقیم اپنے ہموطنوں پر زوردیا کہ وہ معینہ مدت کے اندر مملکت کو الوداع کہہ دیں۔