سوشل میڈیا پرمنشیات فروخت کرنے والوں کی گرفتاری کا حکم جاری
قانون کے مطابق ملزمان کو 15 برس تک قید اور جرمانہ ہوسکتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
پراسیکیوٹر جنرل شیخ سعود بن عبداللہ المعجب نے سوشل میڈیا پرمنشیات کی فروخت اور اسے مملکت میں رائج کرنے کی کوشش کرنے والے دو افراد کی فوری گرفتاری کے احکامات صادر کردیئے۔
عاجل نیوز کے مطابق ادارہ پراسیکیوشن کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی وڈیو جس میں دوافراد کی جانب سے منشیات کی فروخت اور انہیں رائج کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
پراسیکیوٹرجنرل شیح سعودبن عبداللہ المعجب نے سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی وڈیو پرفوری ایکشن لیتے ہوئے ملزمان کی جلد ازجلد گرفتاری کے احکامات صادر کردیئے ہیں۔
پراسیکیوٹر جنرل کی ہدایات کے مطابق قانون کی شق 17 اور 15 کے تحت ملزمان کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کے احکامات صادر کرتے ہوئے انہیں جلد ازجلد گرفتار کرکے قانون کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ قانون کے مطابق ملزمان پرجو فرد جرم عائد کی جائے گی اس کے مطابق انہیں کم ازکم 15برس قید اور جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا علاوہ ازیں منشیات کی ترویج و فروخت سے حاصل کی گئی رقم بھی ضبط کرلی جائے گی۔ وڈیو میں دوسرا شخص جو مرکزی ملزم کا ساتھی ہے وہ بھی قانونی طورپرپردہ پوشی کا مجرم قرار پائے گا۔