Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

شام کی بندرگاہ پر اسرائیلی حملے میں دو زخمی دم توڑ گئے

بندرگاہ پر موجود کنٹینرز میں آگ لگنے سے بھاری نقصان کی اطلاع ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
شام کی بندرگاہ لاذقیہ پر اسرائیلی حملے میں حکومت کی حامی ملیشیا کے کم از کم دو ارکان  شدید زخمی ہونے کے بعد جانبر نہ ہو سکے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے منگل کو طلوع فجر سے قبل اہم کارگو مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔
شام میں2011 سے خانہ جنگی کی کیفیت کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے کئے جانے والے اس حملے میں بندرگاہ پر موجود کنٹینرز میں آگ  بھڑک اٹھنے کے باعث بھاری نقصان کی اطلاع ہے۔
شام میں خدمات انجام دینے والی برطانیہ کی ہیومن رائٹس تنظیم  کے مطابق بندرگاہ پر اسرائیلی حملے میں حکومت کی حامی ملیشیا کے دو ارکان  کے ہلاک ہوئے ہیں۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال لایاگیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
اسرائیلی حملے میں شامی حکومت کی حامی ملیشیا کے تین دیگر افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
شام کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کئے گئے حملے میں جن کنٹینرز کو نقصان پہنچا ہے ان میں گاڑیوں کا انجن آئل اور مختلف قسم کے سپیئر پارٹس  لدے ہوئے تھے۔
شامی حکومت کے اتحادی ایران نے فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں غیر انسانی اورغیر اخلاقی اور اسرائیل کی جانب سے خطے میں بحران کو ہوا دینے کی مثال قرار دیا ہے۔
 

شیئر: