مکہ مکرمہ(محمد عامل عثمانی) پاکستانی حج ڈائریکٹر جنرل ساجد یوسفانی نے بتایا ہے کہ امسال حج موسم میں پاکستان کے 60 حاجیوں کی طبعی موت ہوئی۔ ان میں 41 مرد اور 19 خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ مکہ مکرمہ سے سیکڑوں پاکستانی حاجی مسجد نبوی شریف کی زیارت کیلئے مدینہ منورہ بھیجے جارہے ہیں۔ امسال حج مشن نے انتہائی بیمار 6 پاکستانیوں کو اسٹریچر اور 44 لاغر ترین حجاج کو کوسٹرز پر حج کرایا۔ سعودی اسپتالوں میں 438 پاکستانی مریض داخل ہوئے تھے ان میں سے 14 ہنوز زیر علاج ہیں ۔ 2 حاجی عبدالغفور ولد غندال خان عمر 64 برس (چارسدہ) اور خاتون گل ذکاء زوجہ خانی زماں ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ڈاکٹر یوسفانی نے اطمینان بخش حج انتظامات پر سعودی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ غیر قانونی طریقے سے مقامات حج جانے والوں کو سختی سے روکنے کے اقدامات کو قابل تعریف بتایا ۔ امسال 600 رضاکاروں نے حجاج کی خدمت کی ان میں ام القریٰ یونیورسٹی کے 25 اور پاکستان سے آنے والے بھی 25 رضاکار شامل تھے۔ یہ مقامی زبان سے واقف ہونے کے باعث مفید ثابت ہوئے۔