مجلس شوریٰ کے صدرعبداللہ آل الشیخ کی اسد قیصر سے ملاقات
مجلس شوریٰ کے صدرعبداللہ آل الشیخ کی اسد قیصر سے ملاقات
جمعرات 23 دسمبر 2021 19:12
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کے طریقوں کا جائزہ لیاگیا(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب کے شوریٰ کونسل کے صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ نے جمعرات کو پاکستان پارلیمنٹ کے سپیکر اسد قیصر کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق باہمی ملاقات میں تمام شعبوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اسلامی ، علاقائی اور بین الاقوامی پارلیمانی تقریبات میں پارلیمنٹ کی سطح پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون اور یکجہتی کے طور طریقوں کا جائزہ لیاگیا۔
صدر شوریٰ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے تعلقات ہیں ۔ دونوں کے رشتے تاریخی اور مستحکم ہیں۔
آل الشیخ نے کہا کہ معاہدوں اور ملاقاتوں کے ذریعے تعاون میں جان ڈالنے کےلیے جدوجہد ضروری ہے(فوٹو، ایس پی اے)
آل الشیخ نے کہا کہ موثر معاہدوں اور ملاقاتوں کے ذریعے تعاون میں جان ڈالنے کےلیے جدوجہد ضروری ہے۔ ایسا ہو گا تب ہی دونوں برادر ملکوں اور ان کے عوام کی آرزوئیں اور امنگیں پورا کرنے والا راستہ تیار ہو گا ۔
صدر شوریٰ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مملکت کا تعلق مختلف امور پر نکتہ نذر یکساں ہے۔ دونوں برادرانہ رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔
پاکستان کے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ مختلف سطحوں پر دونوں ملکوں کے تعلقات منفرد اور معیاری ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا اسلامی دنیا کی مدد اور حرمین شریفین کی خدمت کے حوالے سے سعودی عرب کا کردار قابل قدر ہے۔ مملکت خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی قیادت میں مسجد الحرام مکہ مکرمہ ، مسجد نبوی مدینہ منورہ کی خدمت کر رہی ہے ۔ پاکستانی پارلیمنٹ کے سپیکر نے پارلیمانی تعاون کے استحکام میں صدر شوریٰ کی دلچسپی پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔