کورونا کیسز میں اضافہ ، 287 افراد میں وائرس کی تصدیق
جمعرات 23 دسمبر 2021 17:07
گزشتہ 24 گھنٹے میں 113 افراد صحتیاب ہوئے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ جمعرات کے روز مملکت کے مختلف ریجنز میں کورونا کے 287 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں اب تک کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 51 ہزار 749 تک پہنچ گئی ہے۔
مملکت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اب تک اس مہلک وائرس سے ہلاکتوں میں مجموعی تعداد 8 ہزار 868 ہو گئی۔
وزارت صحت کا مزید کہنا تھا کہ کورونا سے گزشتہ روز 113 افراد صحتیاب ہوئے جن کے ساتھ ہی اب تک شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 40 ہزار 506 ہو گئی۔
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں زیرعلاج مریضوں میں سے 35 کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔
واضح رہے وزارت صحت نے کورونا کی تبدیل ہونے والی شکل ’اومی کرون‘ سے محفوظ رہنے کےلیے بوسٹرڈوز لگانے کی ہدایات کی ہے اس ضمن میں مملکت کے تمام سینٹرز میں ان افراد کو بوسٹرڈوز لگانا شروع کردیا ہے جنہوں نے ویکسین کی دوسری خوراک چھ ماہ قبل لگوائی تھی۔
وزارت صحت کی جانب سے 5 تا 11 برس کے بچوں کوبھی ویکسین لگانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اس ضمن میں مختلف شہروں میں بچوں کےلیے خصوصی بوتھس بنائے گئے ہیں تاکہ وہاں آنے والے بچے ویکسین سے خوف زدہ نہ ہوں اور انہیں بہترین ماحول فراہم کیاجاسکے