’لاہور اور اسلام آباد میں بیٹھ کر مخالفین کا مقابلہ کروں گا‘
جمعرات 23 دسمبر 2021 15:02
وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ’’آصف علی زرداری کو عدالت جانا ہو تو وہیل چیئر منگوا لیتے ہیں۔‘ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ’لاہور اور اسلام آباد میں بیٹھ کر مخالفین کا مقابلہ کروں گا۔‘
آصف زرداری نے جمعرات کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’مقابلہ کرنے کا وقت آ چکا ہے۔ان کا مقابلہ کرنے کے لیے ہی لاہور میں خیمے گاڑ رکھے ہیں۔‘
آصف علی زرداری نے سندھی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ان شاء اللہ پورے پاکستان میں جائیں گے۔ لاہور میں بھی ان کا مقابلہ کرنے کے لیے خمیے گاڑ رکھے ہیں۔‘
’ان لوگوں نے ملک کو ’نانی ویہڑا‘ سمجھ رکھا ہے کبھی ایک کو بٹھاتے ہیں کبھی دوسرے کو۔ ہم نے آئین دیا ہے، عوامی طاقت سے انہیں شکست دیں گے۔‘
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ’نواز شریف اور آصف علی زرداری نےقرضے لے کر ملک کا بیڑا غرق کر دیا۔‘
’آصف علی زرداری کو عدالت جانا ہو تو وہیل چیئر منگوا لیتے ہیں۔ ضمانت ملتے ہی اپنے قد سے بڑی بڑی بڑھکیں مارنا شروع کر دیتے ہیں۔‘
’جب آپ کو جیل کا پتا ہوتا ہے تو آپ معذوروں کی خصوصی گاڑیوں میں آتے جاتے ہیں۔‘