وہاڑی میں قائداعظم کے مجسمے پر نئی عینک لگا دی گئی
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر وہاڑی میں قائد اعظم کے مجسمے پر عینک لگا دی گئی ہے۔
پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق عثمان بزدار نے گذشتہ روز قائداعظم کے مجسمے سے عینک چوری کیے جانے والے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قائداعظم کے مجسمے کی حفاظت کےلیے موثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
’ڈپٹی کمشنر وہاڑی خضرافضال چوہدری نے اپنی نگرانی میں قائداعظم کے مجسمے پرعینک لگوائی۔‘
ڈپٹی کمشنر وہاڑی نے کہا کہ قائداعظم کے مجسمے سے عینک چوری کرنے کے واقعے پر ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے۔
واضح رہے وہاڑی میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں نصب بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مجسمے سے عینک چوری کر لی گئی تھی۔
وہاڑی کی ضلعی انتظامیہ سے منسوب ٹویٹس میں بتایا گیا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا مجسمہ ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں نصب ہے جہاں اس پر لگائی گئی عینک نامعلوم چور لے اڑے ہیں۔
واقعے کی اطلاع شیئر کرنے والوں کا دعویٰ ہے کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چور یا چوروں کی نشاندہی کی کوشش کی گئی۔
پنجاب حکومت کے محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قائد اعظم کے مجسمے سے عینک چوری کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ملتان سے رپورٹ طلب کی تھی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا تھا کہ قائداعظم جیسی عظیم ہستی کے مجسمے سے عینک چوری کرنا انتہائی افسوس ناک فعل ہے۔