تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مزید مفت توسیع ہوگی؟
تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مزید مفت توسیع ہوگی؟
منگل 23 نومبر 2021 0:02
30 نومبر 2021 تک مفت توسیع کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ (فوٹو ایس پی اے)
کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے سعودی عرب میں متعدد پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔
جہاں مملکت میں رہنے والوں کے لیے احتیاطی پابندیاں ہیں وہیں بیرون ملک سفر کے حوالے سے بھی قوانین مرتب کیے گئے ہیں جن کے تحت پاکستان سمیت متعدد ممالک سے مسافروں کی آمد بدستور بند ہےـ
سفری پابندی کے باعث سعودی حکومت نے اقامہ ہولڈرز غیر ملکیوں کی سہولت کے لیے ان کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں بھی مفت اضافہ کے خصوصی رعایت دی ہے۔
سفری پابندی کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ ’خروج عودہ 30 نومبر کو ختم ہونے والا ہے۔ تاحال پاکستان میں ہوں معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا کفیل میرے خروج عودہ کی مدت میں اضافہ کرا سکتا ہے؟
جوازات کا کہنا تھا کہ وہ اقامہ ہولڈر غیر ملکی جو مملکت سے باہر گئے ہوئے ہیں ان کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں حکومتی احکامات کے تحت 30 نومبر 2021 تک مفت توسیع کرنے کے احکامات جاری کیے جاچکے ہیں۔
ایوان شاہی کی جانب سے جاری احکامات پرعمل درآمد مرحلہ وار جاری ہے اس بارے میں جن افراد کی باری آتی ہے ان کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کردی جاتی ہے۔
جہاں تک سوال کے دوسرے حصے کا تعلق ہے اس بارے میں جوازات کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے تارکین کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع اختیاری عمل کے ذریعے بھی کرانا ممکن ہے۔
بیرون مملکت گئے ہوئے تارکین کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں کفیل کے ابشر یا مقیم پورٹل سے مطلوبہ مدت کےلیے توسیع کرانا ممکن ہے۔
خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کے لیے لازمی ہے کہ پہلے مقررہ مدت کی فیس جوازات کے اکاونٹ میں جمع کرائی جائے اس کے بعد ابشر یا مقیم پورٹل پر توسیع کی کمانڈ دی جائے۔
بیرون مملکت گئے ہوئے تارکین کے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرانے کےلیے فیس جمع کراتے وقت اس امر کا خیال رکھا جائے کہ فیس مخصوص سہولت کے لیے جمع کرائی جائےـ فیس جمع کراتے وقت ’خروج وعودہ کی مدت میں توسیع‘ کی کمانڈ کو منتخب کیا جائےـ بعض افراد کی جانب سے یہ غلطی دیکھنے میں آئی ہے کہ وہ صرف ’خروج وعودہ کی فیس‘ کی کمانڈ کا انتخاب کرتے ہیں جو غلط ہوتا ہےـ
تارکین کے اقاموں اورخروج وعودہ کی مدت میں مذکورہ تاریخ تک توسیع کرنے کا عمل جاری ہے (فوٹو ایس پی اے)
ایک اور شخص نے اقامہ کی مدت میں توسیع کے حوالے سے دریافت کیا ہے کہ ’اقامہ کچھ دنوں میں ایکسپائر ہونے والا ہے کیا مزید توسیع کا امکان ہے‘؟
اس حوالے سے جوازات کا کہنا ہے کہ ایوان شاہی کی جانب سے بیرون مملکت گئے گئے تارکین کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع کے احکامات 30 نومبر 2021 تک کے لیے جاری کیے گئے تھےـ
شاہی احکامات پرعمل کرتے ہوئے تارکین کے اقاموں اورخروج وعودہ کی مدت میں مذکورہ تاریخ تک توسیع کرنے کا عمل جاری ہے جو قومی ڈیٹا بیس سینٹر کے تعاون سے کیا جا رہا ہےـ
جہاں تک تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مزید توسیع کے حوالے سے سوال ہے تو اس بارے میں ذرائع کا کہنا تھا کہ فی الحال ایسے کوئی احکامات جاری نہیں ہوئےـ احکامات صادر ہونے کی صورت میں اس کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔