میڈرڈ ..... کہتے ہیں کہ جرائم پیشہ افراد بھی کم ذہین نہیں ہوتے مگر منفی سوچ انہیں لے ڈوبتی ہے۔ ہسپانوی پولیس نے منشیات کے اسمگلروں کے ایک نئے گروہ کو گرفتار کرلیا ہے جو مصنوعی کیلوں میں کوکین چھپا کر اسمگل کرتا تھا۔ گروہ کے جن دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے وہ اسمگلروں کے اس گروہ سے تعلق رکھتے ہیں جن پر نومبر 2016ءسے ہی اسپین کی انسداد منشیات پولیس کے اہلکاروں نے نظر رکھی ہوئی تھی۔ اسمگلروں کے خلاف تازہ ترین کارروائی سول گارڈ کے اہلکاروں نے کی ہے۔ ملزموں پر الزام ہے کہ وہ کیلوں کی شپمنٹ میں ایسی مصنوعی کیلے شامل کرکے کوکین اسمگل کرتے تھے اور کوکین کیلوں میں بھری ہوتی تھی۔ اصلی کیلوں کی کھیپ میں 47مصنوعی اور نقلی کیلے بھی ملے جن میں مجموعی طور پر 7کلو گرام کوکین بھری ہوئی تھی جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی سے مزید 10کلو گرام کوکین برآمد ہوئی جنہیں گاڑی کی خفیہ جگہوں پر رکھا گیا تھا۔ ملزم کا تعلق اسپین کے ایک غیر معروف گروہ سے ہے۔