اسلام آباد/شیخو پورہ... تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پے درپے ٹرین حادثات پر حکومت کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جو حکومت محض ریلوے کراسنگ پوائنٹس محفوظ نہیں بنا سکتی اس سے کس قسم کی کارکردگی کی توقع کی جاسکتی ہے۔وزیر ریلوے کا اپنی وزارت کے معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں۔ انہیں چرب زبانی اور شریفوں کی غلامی زیادہ بھاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کی زندگیاں بچانے سے زیادہ وزیر ریلوے کو وزیراعظم اور ان کے خاندان کی لوٹ مار بچانے کی فکر ہے ۔ دریں اثناءشیخوپورہ میں ہرن مینار کے قریب شالیمار ٹرین اور آئل ٹینکر کے درمیان ہولناک تصادم کے بعد بوگیوں میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ۔ ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے۔ حادثے میں5 بوگیاں جل کر تباہ ہوگئیں۔ ٹرین ڈرائیور سمیت 2 افراد ہلاک اور متعدد شدید زخمی ہوئے تھے۔ حادثے کا شکار ہونے والی شالیمار ایکسپریس لاہور سے کراچی جارہی تھی۔ ریلوے حکام نےبتایا کہ ریلوے ٹریک کا 300 فٹ تک کا حصہ متاثر ہوا ہے۔ ٹریک کے بحالی کے لئے مزید 5 سے 6 گھنٹے درکار ہوں گے۔