امیگریشن اور سامان کی کارروائی کراتے وقت مسافروں کو مشکلات کا سامنا
جدہ: جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گندگی سے آلودہ پانی چھت سے گرنے پرہنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا۔ صفائی کارکن تیزی سے حرکت میں آگئے۔ احتیاطی تدابیر شروع کردی گئیں۔ امیگریشن ہال میں پانی بھر جانے کی وجہ سے مسافروں کو سب سے زیادہ پریشانی ہوئی۔ صفائی کارکنان نے بدبو ختم کرنے کے لئے خوشبویات کا چھڑکائو کیا تو بعض مسافروں کی حالت خراب ہوگئی۔ صفائی ٹیمیں ایک طرف پانی صاف کرتے رہیں جبکہ دوسری جانب سے پانی بھاری مقدار میں گرتا رہا۔ جس سے صورتحال سنگین ہوگئی ۔ آخر کار صفائی کی خودکار مشینوں کا سہارا لیا گیا۔ ایئرپورٹ کے مختلف حصوں سے صفائی کارکنان بڑی تعداد میں طلب کئے گئے۔ مسافروں کو امیگریشن کی کارروائی اور سامان حوالے کرنے میں بہت زیادہ پریشانی ہورہی ہے۔