چین کے تفریحی مرکز میں 30 ہزار کورونا ٹیسٹ، بھاگنے والے گرفتار
چین کے تفریحی مرکز میں 30 ہزار کورونا ٹیسٹ، بھاگنے والے گرفتار
بدھ 10 نومبر 2021 8:01
چھنگڈو شہر میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کے ٹیسٹ ایک تفریحی مرکز میں کیے گئے۔ (فوٹو: روئٹرز)
چین کے جنوب مغربی شہر چھنگڈو کے حکام نے بدھ کو کہا ہے کہ ایک بڑے تفریحی مرکز میں 30 ہزار لوگوں کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا ہے اور جو لوگ ٹیسٹ نہیں کروا رہے تھے انہیں موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سرکاری میڈیا، چائنہ سینٹرل ٹیلی ویژن (سی سی ٹی وی)، نے منگل کو رپورٹ کیا تھا کہ نیو سینچری گلوبل سینٹر، جس میں متعدد دکانیں، دفاتر اور ایک بڑا واٹر پارک اور یونیورسٹی ہے، میں کیے جانے والے تمام ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔
چھنگڈو میں مقامی حکام نے ایک نوٹس میں کہا ہے کہ جو لوگ ٹیسٹ کے وقت وہاں موجود تھے انہیں نتائج کا انتظار کرنے اور گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
تاہم یہ بات واضح نہیں تھی اس وقت نیو سنچری گلوبل سینٹر میں کتنے لوگ موجود تھے۔
یہ سینٹر، جو کہ 17 لاکھ سکوائر میٹر کی اراضی پر مشتمل ہے، ویٹیکن سٹی جیسے چار شہروں جتنا بڑا ہے۔
سی سی ٹی وی کے مطابق کچھ لوگ عارضی طور پر کنٹرول کیے جانے والے اس علاقے کو بغیر اجازت چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ تام انہیں ٹریکنگ سروس نے ڈھونڈ کر ان کا ٹیسٹ کر دیا۔
واضح رہے کہ اکتوبر کے آخر میں شنگھائی ڈزنی لینڈ میں بھی بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ ہوئی تھی۔
شنگھائی ڈزنی لینڈ نے چینی سوشل میڈی اکاؤنٹ پر بتایا تھا کہ پارک میں موجود لوگوں کو باہر نکلتے وقت کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروانے کا کہا گیا تھا۔
دو کروڑ افراد کے شہر چھنگڈو میں حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کی تحقیقات کے لیے حکام کے ساتھ تعاون کرنے شنگھائی ڈزنی لینڈ کچھ دنوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
چین میں کورونا وائرس کے خلاف ’زیرو ٹولرنس‘ پالیسی اختیار کی گئی ہے، جس کا مطلب ہے کہ حکام کسی بھی ایسی بات کو نظر انداز نہیں کررہے ہیں جس سے وائرس کے پھیلنے کا تھوڑا سا بھی خدشہ ہو۔
دو کروڑ افراد کے شہر چھنگڈو میں حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔