Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 15 جون ، 2025 | Sunday , June   15, 2025
اتوار ، 15 جون ، 2025 | Sunday , June   15, 2025

یمن میں سکول ہیلتھ سروسز منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز

طلبہ کو نفسیاتی اور سماجی معاونت کی خدمات بھی پیش کی جائیں گی( فوٹو ایس پی اے)
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے یمن کے چار گورنریٹس میں طلبہ اور تدریسی عملے کے لیے سکول ہیلتھ سروسز کو بڑھانے کے منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ منصوبہ وزارت صحت اور وزارت تعلیم کے اندر سکول ہیلتھ انتظامیہ کے ساتھ مل کر مکمل کیا جا رہا ہے۔
یہ منصوبہ پانچ ماہ تک جاری رہے گا اور40 موبائل میڈیکل ٹیموں کے ذریعے دو لاکھ 50 ہزار سے زیادہ مستحقین کو خدمات فراہم کرنے کے لیے عدن، ماریب، طائز اور حضرموت کے گورنریٹس کے 35 سے زائد اضلاع کا احاطہ کرے گا۔
ہر ٹیم طلبہ کے لیے صحت عامہ کی سطح کو بڑھانے اور کمیونٹیز میں بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے مقصد سے ٹارگٹڈ پبلک ایلیمنٹری سکولوں کے وقتاً فوقتاً دورے کرے گی۔
ان ٹیموں میں ایک جنرل پریکٹیشنر، نرس، کمیونٹی ہیلتھ سپیشلسٹ اور سائیکاٹرسٹ شامل ہوں گے جو وبائی اور متعدی بیماریوں کے خلاف علاج کی پیشکش کرنے سے پہلے ہر ایک طالب علم کی ابتدائی صحت کی جانچ کریں گے۔
یہ پروجیکٹ طلبہ اور تعلیمی عملے کے لیے حفظان صحت اور صحت عامہ کے طریقہ کار، غذائی قلت کی روک تھام اور متعدی بیماریوں پر قابو پانے کے بارے میں صحت عامہ کی آگاہی کی خدمات بھی فراہم کرے گا۔
گروپ سیشنز اور سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو نفسیاتی اور سماجی معاونت کی خدمات بھی پیش کی جائیں گی۔
یہ پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کی توسیع کے طور پر آتا ہے جو نومبر 2020 میں شروع ہوا تھا۔ یہ منصوبہ چھ ماہ تک جاری رہا اور اس نے عدن کے سکولوں کا احاطہ کیا جس سے تقریباً 44 ہزار طلبہ اور تعلیمی عملہ مستفید ہوا۔

کنگ سلمان ہیومینیٹری سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا (فوٹو ایس پی اے)

سعودی وزارت صحت کے انڈر سیکرٹری برائے منصوبہ بندی اور صحت کی ترقی کے ڈاکٹر احمد الکمال نے یمن کے تعلیمی شعبے کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے صحت کے شعبے کی سپور اور ایک محفوظ، صحت مند ماحول فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے طبی اور تعلیمی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے  میں کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی کوششوں کی تعریف کی۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 69 ممالک میں مختلف قسم کے 1705 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.43 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 3.53 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔

شیئر: