ریاض کے مشرقی سرکلر روڈ پر انٹرنیشنل ٹاون فیسٹول کا آغاز
دنیا بھر کی تہذیب و تمدن کے تمام نقوش ایک جگہ جمع ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)
ریاض کے مشرقی سرکلر روڈ پر انٹرنیشنل ٹاون فیسٹول کا آغاز ہو گیا۔ ایک لاکھ 40 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر دنیا بھر کی تہذیب و تمدن کے تمام نقوش ایک جگہ جمع کیے گئے ہیں۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق گروپ کی ایگزیکٹیو چیئرمین ریما الرویسان نے کہا کہ’ فیسٹول دیکھنے کے لیے آنے والے خوشی محسوس کریں گے- انہیں یہاں دنیا بھر کی تہذیبوں کا سنگم دیکھنے کو ملے گا‘۔
معروف قابل دید مقامات، شاندار بازار، قومی گیت، قہوہ خانے اور ریستوران کھولے گئے ہیں۔
ریما الرویسان نے بتایا کہ ’فیسٹول میں سعودی سٹریٹ کا عملی تعارف کرایا گیا ہے جہاں سعودی ثقافت، ورثے، ماضی اورحال کا فرق بھی اجاگر کیا گیا ہے‘۔
یہاں قدیم نجد، التمیری دروازہ، المقیبرہ بازارِ، قدیم دور کی شادیاں، مینا بازار،سونے اور چاندی کے زیورات اور سعودی فرمانرواؤں کے اہم کارناموں کو اجاگر کرنے والی تاریخ کے نقوش نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فیسٹول ثقافتی سفارتکاری اور تفریحی سفارتکاری کا خوبصورت امتزاج ہے۔
یہاں اٹلی، فرانس اور افریقہ کا تمدن اور ان کے ورثے کے نمونے دیکھنے کو ملیں گے۔ الاندلس کے قدیم شہر کا تعارف حاصل ہوگا۔
ریما الرویسان کا کہنا ہے کہ فیسٹول میں ڈیجیٹل گیمز فیلڈ قائم ہے۔ تپلی تماشا بھی ہے۔ جگہ جگہ آئسکریم، چاکلیٹ اور پھولوں کے سٹال لگے ہیں۔ علاوہ ازیں ریاض ویلی کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔