Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025

سوشل میڈیا پر سرگرم ٹی ایل پی کارکنوں کے خلاف ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن

راولپنڈی سے بھی دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے (فوٹو اے ایف پی)
العدم تحریک لبیک کا اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ جاری ہے اور دوسری طرف پاکستان کی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سوشل میڈیا پر سرگرم ٹی ایل پی کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کر دی ہیں۔
جمعرات کو ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سائبر کرائم نے ملتان سے ٹی ایل پی کے دو کارکنوں کو گرفتار کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’18 سالہ سید عاقب شاہ مدرسہ جامعہ سرانیا کاظمیہ کا طالب علم ہے جو دو فیس بک اکاؤنٹس، دو واٹس ایپ گروپس کے ساتھ منسلک ہونے کے علاوہ کئی گروپس میں سرگرم تھا۔ دوسرے شخص کا نام محمد رفیق ہے اور ان کے موبائل فونز سے مطلوبہ ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے۔‘
بیان کے مطابق سید عاقب شاہ سے جو مواد برآمد ہوا ہے وہ اس کے ذریعے مبینہ طور پر عوام میں بدامنی اور قیاس پھیلا رہا تھا۔ سائبر کرائم ونگ ملتان نے کہا ہے کہ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اس طرح ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے محمد شاہ زیب نذیر کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ واٹس ایپ گروپ ’تاجدار ختم نبوت زندہ باد‘ کا ایڈمن ہے اور وہ ٹی ایل پی کی حمایت میں پوسٹیں شیئر کر رہا تھا۔
فیصل آباد ہی سے ایک اور شخص محمد حسن کو گرفتار کیا گیا جو ’درس نظامی‘ کا طالب علم ہے اور ایک یوٹیوب چینل کا ایڈمن ہے اور وہ باقاعدگی سے ٹی ایل پی کی حمایت میں پوسٹس شیئر کر رہا تھا۔
چکری سے بھی ایک شخص ندیم اختر کو گرفتار کیا گیا جو واٹس ایپ پر ٹی ایل پی کے حق میں پوسٹیں شیئر کر رہا تھا۔
اس کے علاوہ راولپنڈی سے بھی دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

شیئر: